اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے پاکستانی ہم منصب محمد اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ تہران، اسلام آباد اور کابل کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے اور اختلافات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس رابطے میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی پیش رفت اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عراقچی نے ایران اور پاکستان کے دیرینہ، برادرانہ اور ہمسایہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تہران مختلف شعبوں میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ خطے کے مؤثر ممالک کے ساتھ مل کر مذاکراتی عمل کا جاری رہنا ضروری ہے تاکہ غلط فہمیوں اور تناؤ میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران ان اہداف کے حصول کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے آمادہ ہے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کابل اور اسلام آباد کے مابین حالیہ مذاکرات اور موجودہ صورتحال سے عراقچی کو آگاہ کیا اور کہا کہ علاقائی امن و استحکام پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آپ کا تبصرہ